وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دو روزہ دورۂ ایران کے دوران آج تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

باغی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء محسن رضا نقوی اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے سپریم لیڈر کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم دنیا کی ممتاز شخصیت ہیں اور امت مسلمہ ان کی رہنمائی کی طرف دیکھتی ہے۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور بھارتی جارحانہ عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے ایران کی قیادت کی بروقت حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔وزیراعظم نے ایرانی قیادت کی امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات میں دور اندیشی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری معاہدہ طے پائے گا، جس سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔

سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں پیش کیں۔وزیراعظم نے سپریم لیڈر کی علامہ اقبال سے عقیدت اور ان کے افکار سے وابستگی کو سراہتے ہوئے انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات پاک-ایران تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

Shares: