وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان اپوزیشن پر برس پڑے
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی اپوزیشن پر تنقید۔حکومت کی معاشی ترقی کے "نقار خانے” میں اپوزیشن کی "طوطیوں” کی آواز کوئی نہیں سن رہا۔ ملک کو کھڈے لائن لگا کر بھاگ جانے والوں کو ملک کی معاشی کایا پلٹنے کے امید بھی نہیں تھی۔ آج غیر ملکی ترسیلات زر 24.2 بلین ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر ہیں۔
2018 میں غیر ملکی ترسیلات زر تین سال سے 19.9 بلین ڈالرز پر منجمند تھیں۔ یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا وزیراعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ 2018 میں لیگی دور کے اختتام پرپاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 19.2 بلین ڈالر پر تھا۔ رواں سال مارچ تا جولائی کرنٹ اکاؤنٹ 959 ملین ڈالر سرپلس پر آنے کی پیشن گوئی ہے۔
2018 میں بیرونی قرضہ جات میں 11.7 بلین ڈالرز کا بلند ترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ رواں سال بیرونی قرضہ جات میں گزشتہ 6 سال کا کم ترین اضافہ ہوا ہے۔ لیگی دور کے اختتام پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 40 فیصد تک کمی ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں سٹیٹ بینک کے ذخائر 2016 کے مقابلے میں بلند ترین سطح پر ہیں۔
اپوزیشن کی آئیں بائیں شائیں حکومتی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ کرونا کے باوجود پاکستان کی معیشت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اپنے پاؤں پر کھڑی ہے۔