اکبری گیٹ پولیس نے لاہور کی وزیر خان مسجد کے احاطے میں ویڈیو ریکارڈ کرنے پر ایک خاتون ماڈل اور فوٹوگرافر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

والڈ سٹی لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) کے اہلکار محمد اویس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی، شکایت ماڈل ازبیہ خان اور فوٹوگرافر زین شاہ کے خلاف مسجد کی تقدس کی خلاف ورزی کے الزامات میں درج کی گئی،پولیس کی جانب سے اس وقت کارروائی کی گئی جب ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوئی۔

ڈبلیو سی ایل اے کے اہلکار کا الزام ہے کہ ماڈل نے ’نامناسب‘ لباس میں ویڈیو ریکارڈ کی تھی اور متعلقہ اتھارٹی سے اس کے لیے اجازت بھی نہیں لی تھی،ویڈیو کلپ تقریباً چار دن قبل ریکارڈ کی گئی تھی اور بعد میں سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوئی، اس نے محکمے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا اور مسجد کی تقدس کی خلاف ورزی بھی کی۔

اگست 2020 میں بھی ایک ایسا ہی کیس سامنے آیا تھا جب پولیس نے ایک گروپ کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی، جس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید شامل تھے، جن پر الزام تھا کہ انہوں نے وزیر خان مسجد کی تقدس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں میوزک ویڈیو شوٹ کی تھی، پنجاب اوقاف و مذہبی امور کے محکمہ نے فلموں اور ڈراموں کی مسجدوں اور مزارات میں شوٹنگ پر پابندی لگا دی تھی –

Shares: