وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کے پہلے کیفے خودی کا افتتاح کیاجس کا عملہ خصوصی افراد پر مشتمل ہے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ کیفے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا اور اس بات کی روشن دلیل ہے کہ فرد اگر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا ئے تو وہ کیا کچھ نہیں کرسکتا ۔یہاں پر خصوصی افراد اپنے روشن کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی تجربہ بھی حاصل کررہے ہیں جو محض فنی تعلیم حاصل کرنے کی نسبت ایک عملی قدم ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزراء سعید غنی اور ذوالفقار شاہ تھے۔ کے وی ٹی سی کے سی ای او سینیٹر حسیب احمد اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یونٹو کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر (KVTC) طویل عرصے سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے کام کررہی ہے اور بہترین پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کی فراہمی کویقینی بناتے ہوئے اپنی پوری توجہ مرکوز رکھتی ہے۔
پی ٹی آئی کو اپنے بانی کو سمجھانے کی ضرورت ہے، مصفی کمال
انہوں نے مزید کہا کہ کے وی ٹی سی پروگرام صرف صلاحیتوں میں اضافہ نہیں بلکہ زندگی تبدیل کرنے کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کے پروگرام آج ہم دیکھ رہے ہیں، خاص طور پر کھانے پینے کی اشیاء کے فن میں کے وی ٹی سی کے طلباء بہترین صلاحیت کے مالک ہیں جو انہیں پیشہ ورانہ تقاضوں کی تکمیل کے لیے تیار کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کے وی ٹی سی کی ٹیم کی لگن کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور مدد کرنے میں کے وی ٹی سی نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کے وی ٹی سی ٹیم کی کوششوں کی وجہ سے طلباء نہ صرف سیکھ رہے ہیں بلکہ مستقبل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ مرادعلی شاہ نے کہا کہ طلباء نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا ہے اور بہترین رہنمائی سے تمام رکاوٹوں کوعبور کررہے ہیں ۔خودی ؛ بیکری اینڈ کیفے کا آغاز اس پیشرفت کا ثبوت ہے۔ یہ صرف ایک کیفے نہیں بلکہ اس سے کہیں آگے ہے۔انہوں نے کہاکہ جب لوگ کچھ کرنے کی ٹھان لیتے ہیں تو وہ ضرور اپنی منزل پا لیتے ہیں ۔ یہ قدم انہیں حقیقی دنیا کے قریب لے جائے گا جہاں وہ اپنی ترقی کا لوہا منواسکتے ہیں اور اپنے روشن مستقبل کے امکانات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہیں اس کیفے کا حصہ بن کر بے حد مسرت محسوس ہورہی ہے جو افراد کی صلاحیتوں کو نہ صرف نکھارتا ہے بلکہ انہیں حقیقی ترقی سے منسلک کرتا ہے اورآگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے جس سے ان کے وقار میں اضافہ ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیفے ہمارے معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو ہمیں بتاتاہے کہ حقیقی کامیابی اپنے ارادوں کی تکمیل میں ہے ۔
اسرائیل سے تعلقات آزاد فلسطینی ریاست تک ممکن نہیں، سابق سعودی انٹیلیجنس چیف
مرادعلی شاہ نے امید ظاہر کی کہ کیفے کے آغاز سے دوسروں کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب ملے گی۔انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی اسپیشل کمیونٹی کی بھر حمایت جاری رکھنی ہے اور انہیں وہ پلیٹ فارم دیں جس کی انہیں ضرورت ہےتاکہ وہ ترقی کرسکیں۔