وزیر اعظم نے پولیو مہم کا افتتاح کردیا
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہوگا۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں جمعہ 19 اگست کو انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ ایوان وزیراعظم میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے بچوں کو قطرے پلائے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر پولیو کا خاتمہ کر رہی ہیں، ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے تمام وسائل استعمال میں لا رہے ہیں، پولیو جان لیوا مرض ہے بدقسمتی سے پاکستان کے بعض حصوں میں دوبارہ پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ ورکرز جب آپ کے گھر آئیں تو بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ، صرف دو بوندیں بچوں کو پولیو سے بچا سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل اور وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت اور وزیراعلیٰ سندھ کا تقریب میں شرکت پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جب کہ سیکیورٹی اہل کاروں اور پولیو ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ پولیو کے مہلک ہونے اور اس کے خطرات کے حوالے سے حکومت ایک طویل عرصے سے آگاہی مہم چلا رہی ہے۔ ساتھ ہی پولیو ویکسین کے مؤثر، محفوظ اور ’حلال‘ ہونے کے حوالے سے بھی حکومت لوگوں کو بار بار آگاہ کرتی رہتی ہے.
پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی جدوجہد
1994 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا پروگرام ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مصروفِ عمل ہے۔ اس وقت ملک بھر میں 339,521 پولیو ورکرز پولیو کے خاتمے کے ان اقدامات میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کو دنیا کے سب سے بڑے نگرانی کے نظام کی خدمات حاصل ہیں۔ اس کے علاوہ اس پروگرام کو معلومات کے حصول اور تجزیے کا معیاری نیٹ ورک، جدید ترین لیبارٹریز، وبائی امراض کے بہترین ماہرین اور پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں پبلک ہیلتھ کے نمایاں ماہرین کی خدمات بھی حاصل ہیں۔