قومی اسمبلی اجلاس: وزیر دفاع اور قائد حزب اختلاف کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن این آر او کے لیے حکومت سے رابطے میں ہیں، اور بانی پی ٹی آئی بھی فوج کے ساتھ مذاکرات کی خواہش رکھتے ہیں۔ خواجہ آصف نے زور دیا کہ نو مئی کے واقعات کا حساب کتاب کیے بغیر کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت این آر او کی طلب گار ہے اور بانی پی ٹی آئی اندرونی طور پر فوج کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن وہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت نہیں کرنا چاہتے۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نہ ماضی میں این آر او لیا اور نہ آئندہ لیں گے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بن جائیں گے تو پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوگا۔اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی نے تجویز پیش کی کہ ملک کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں مل بیٹھیں اور آئین کی بالادستی پر اتفاق کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ سے بھی مذاکرات کیے جائیں۔ اس دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کو منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔یہ بیانات ملکی سیاست میں جاری کشیدگی اور مذاکرات کی اہمیت پر ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.