واشنگٹن: امریکا نے ایران اور پاکستان میں ہتھیاروں اور ڈرونز کی تیاری میں کسی بھی طرح کی مدد کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا۔
باغی ٹی وی : امریکی نشریاتی ادارکے مطابق کامرس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن 26 فرموں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں زیادہ تر پاکستان، چین اور متحدہ عرب امارات میں قائم ہیں، ان کمپنیوں کو اس فہرست میں تجارتی اسپائی ویئر کے منفی استعمال، ویب مانیٹرنگ، سنسرشپ کرنے، انسانی حقوق کے کارکنوں اور اختلاف رائے رکھنے والوں کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کے بعد شامل کیا گیا۔
امریکی کامرس ڈیپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں برآمدی کنٹرول کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئیں، ہتھیاروں کے تشویشناک پروگرام میں ملوث پائی گئیں اور یہ فرمیں روس اور ایران پر امریکی پابندیوں اور برآمدی کنٹرول سے بچتے تھے،پابندی کے باعث اب ان کمپنیوں کو حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی بھی امریکی اشیا اور ٹیکنالوجی فروخت نہیں کر سکے گا، علاوہ ازیں درآمد اور برآمدی پابندیاں بھی عائد ہوں گی، ان پابندیوں کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ اگر کوئی طے شدہ حدوں کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے بھار ی قیمت ادا کرنا ہوگی،یہ سرگرمی امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کے خلاف ہے۔








