اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے 25 دسمبر بدھ کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے-
باغی ٹی وی : وفاقی حکومت نے 25 دسمبر کو یوم قائد اعظم کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کی جانب سے بھی 25 دسمبر 2024 بروز بدھ یوم قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بینک دولتِ پاکستان 25 دسمبر 2024ء (بروز بدھ) کو یومِ قائدِاعظم اور کرسمس کے موقع پر عام تعطیل کے باعث حکومتِ پاکستان کے اعلان کے مطابق بند رہے گا۔
مرکزی بینک کے تعطیل کے اعلان کی وجہ سے دیگر بینک اور مالیاتی ادارے بھی 25 دسمبر کو بند رہیں گے-
قبل ازیں سندھ حکومت کی جانب سے بھی 25 دسمبر کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا اس کے علاوہ سندھ حکومت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے 27 دسمبر کو بھی عام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند جب کہ بینک اور دیگر نجی ادارے کھلے رہیں گے۔