صوبائی سیکرٹری خوراک کی زیر صدارت گندم کی خریداری سے متعلق اہم اجلاس

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)صوبائی سیکرٹری خوراک کی زیر صدارت گندم کی خریداری کے متعلق ابادگاروں اور تاجروں سے اہم اجلاس –
تفصیلات کے مطابق صوبائی سیکریٹری خوراک راجا خرم شہزاد عمر کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں گندم خریدنے کا ٹارگیٹ حاصل کرنے کے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وسیم جمالی، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے گندم کے آبادگاروں، تاجروں، ایم این اے اور ایم پی ایز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری خوراک نے گندم کے آبادگاروں کو اپیل کی کہ گندم کی فراہمی میں محکمہ خوراک مدد کی جائے تاکہ ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع میں گندم خریدنے کا ٹارگیٹ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک سے بھرپور تعاون کیا جائے، اس ضمن میں محکمہ خوراک آبادگاروں کو باردانہ بھی فراہم کریگا تاکہ فلور ملز کو حکومت کی جانب سے گندم فراہم کرکے عوام کو مقرر کردہ نرحوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ضلع سے گندم باہر لے جانے پر قلم 144 نافذ ہے گندم کی ضلع سے باہر نقل و حرکت کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں فلور ملز کو سرکاری نرخ پر گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے صوبائی سیکریٹری خوراک کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازیں صوبائی سیکریٹری نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مکلی ٹھٹھہ اور سجاول میں قائم پی آر سی سنٹرز (گندم کے گودامز) کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

Comments are closed.