کبھی وقت تھا کہ سوال ذہن میں آتا تو انگلیاں گوگل کی طرف بڑھتی تھیں، اب سوال ابھرتا ہے اور انگلی خود بخود ٹک ٹاک کی اسکرین پر پھسل جاتی ہے،اب سوال صرف یہ نہیں کہ کیا جاننا ہے، سوال یہ ہے کہ کیسے جاننا ہے اور اسی سوال کے جواب میں پاکستانی صارف نے ایک نئے ڈیجیٹل ہم سفر کا انتخاب کیا ہے،ٹک ٹاک،2025 میں ٹک ٹاک پاکستان کا یہ دعویٰ کہ وہ ملک میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سرچ پلیٹ فارم بنتا جا رہا ہے، پاکستانی ڈیجیٹل مزاج کی ایک گہری تصویر ہے۔
لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں ٹک ٹاک پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے لیے منعقد ہونے والا “سرچ آن ٹک ٹاک” ایونٹ ایک ڈیجیٹل مکالمہ تھا،اس موقع پر ٹک ٹاک کے ہیڈ آف کمیونیکیشن ساؤتھ ایشیا عماد اور جنوبی ایشیا کے لیے کنٹینٹ آپریشنز کے سربراہ عمائس نوید نے اس بدلتی ہوئی حقیقت پر روشنی ڈالی کہ ٹک ٹاک علم، خبر، رہنمائی اور روزمرہ فیصلوں کا پلیٹ فارم بنتا جا رہا ہے۔اسی تقریب میں ٹک ٹاک نے پاکستان میں 2025 کے دوران سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات اور رجحانات جاری کی جو پاکستانی معاشرے کی اجتماعی سوچ، دلچسپیوں اور ترجیحات کا آئینہ ہیں۔
پاکستانی ٹک ٹاکر کا مزاج محض اسکرول کرنے کا نہیں،وہ ویڈیو دیکھتا نہیں بلکہ ویڈیو میں داخل ہو جاتا ہے۔جب وہ “التت قلعہ، ہنزہ” سرچ کرتا ہے تو صرف تاریخ نہیں چاہتا، وہ پتھروں میں بسی خاموشی، پہاڑوں کی ابدی وقار اور شمالی ہوا کی ٹھنڈک کو محسوس کرنا چاہتا ہے۔اسلام آباد، لاہور، کراچی اور دریائے چناب،یہ مقامات نہیں، شناخت کے استعارے ہیں۔یہ سرچز اس بات کا اعلان ہیں کہ پاکستانی صارف اب اپنے وطن کو نئے زاویے سے دیکھ رہا ہے، اور ٹک ٹاک اس نظر کا عدسہ بن چکا ہے۔
پاکستان میں کرکٹ محض کھیل نہیں، جذبات کی زبان ہے،بابر اعظم کی سنچری ہو یا پاکستان بمقابلہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مقابلے ،ٹک ٹاک سرچ بتاتی ہے کہ قوم اب بھی ایک گیند پر خوش اور ایک وکٹ پر خاموش ہو جاتی ہے۔ٹک ٹاک نے کرکٹ کو اسکرین کے کونے میں بند اسکور بورڈ سے نکال کر عوامی مکالمہ بنا دیا ہے جہاں ہر شخص مبصر ہے، ناقد ہے،سیلاب جیسے سانحات ہوں یا وائرل نام جیسے “نادیہ میری سونی سوہنی”یہ سرچز بتاتی ہیں کہ پاکستانی صارف خبر کو تنہائی میں نہیں دیکھنا چاہتا،وہ خبر کے ساتھ وابستگی چاہتا ہے، تبصرہ چاہتا ہے، ردِعمل چاہتا ہے۔ٹک ٹاک یہاں لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس کے ساتھ ایک اجتماعی تجربہ فراہم کرتا ہے جہاں دکھ بھی بانٹا جاتا ہے اور امید بھی۔
2025 کی رپورٹ کا سب سے روشن پہلو علم اور خودی کی تلاش ہے،#StudyTok میں 60 فیصد اور #FitnessTok میں 66 فیصد اضافہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ پاکستانی نوجوان اب خود کو بہتر بنانا چاہتا ہے،مصنوعی ذہانت ، سافٹ ویئر اپ ڈیٹس، پروڈکٹ ریویوز اور مہندی ڈیزائنز،یہ سب اس نئی نسل کے سوالات ہیں، جن کے جواب وہ مختصر، سادہ اور بصری انداز میں چاہتی ہے۔
2025 کی سرچ رپورٹ: ایک نظر میں
مقامات،اسلام آباد، التت قلعہ ہنزہ، دریائے چناب، لاہور، کراچی
خبریں و لمحات:بابر اعظم کی سنچری، پاک بمقابلہ جنوبی افریقہ، پاک بمقابلہ بھارت، نادیہ میری سونی سوہنی، سیلاب
ٹی وی شوز:ترک ڈرامے، تماشا، میری بہوئیں، میں منٹو نہیں ہوں، ہم ایوارڈز 2025
کھانے:لاوا برگر، بریانی، آلو، دبئی چاکلیٹ، ماچا ڈرنک
نمایاں رجحانات،پروڈکٹ ریویوز، سافٹ ویئر اپ ڈیٹس، مہندی ڈیزائنز، بلیوں کی مزاحیہ ویڈیوز، AI
2025 میں ٹک ٹاک پاکستان محض ایک ایپ نہیں رہا،یہ عہدِ حاضر کا ثقافتی جریدہ بن چکا ہے،یہاں ہر سرچ ایک سوال نہیں،ہر ویڈیو ایک جواب نہیں،بلکہ دونوں کے درمیان پاکستانی زندگی کی مکمل کہانی ہے،اور شاید یہی وجہ ہے کہ اب پاکستان تلاش بھی ٹک ٹاک پر کرتا ہے۔








