امریکی صدر کے دفتر، وائٹ ہاؤس، نے صحافیوں کے داخلے سے متعلق نئی اور سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب کسی بھی صحافی کو پریس سیکرٹری یا دیگر اعلیٰ حکام کے دفاتر میں بغیر اجازت داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئی پالیسی کے تحت وائٹ ہاؤس کے "اپر پریس روم” میں داخلہ صرف پیشگی اپائنٹمنٹ کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد حساس معلومات کے تحفظ اور سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو اب ملاقات یا بریفنگ کے لیے پہلے سے وقت لینا ہوگا، تاکہ دفتر میں موجود افسران اور سیکیورٹی اہلکار انتظامات کو بہتر طور پر یقینی بنا سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پینٹاگون میں بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جن کے تحت میڈیا نمائندوں کی آزادانہ رسائی محدود کر دی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کا حالیہ فیصلہ میڈیا اور حکومتی اداروں کے درمیان تعلقات پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جب کہ صحافتی تنظیموں نے اس پالیسی پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی حکومت کی یہ نئی پالیسی معلومات کے بہاؤ کو محدود کرنے کا باعث بن سکتی ہے، تاہم وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام قومی سلامتی اور داخلی نظم و ضبط کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔






