وزیراعلیٰ کے سموسے کس نے کھائے؟ تحقیقات اور سیاسی ہنگامہ

باغی ٹی وی:بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں حالیہ دنوں "سموسہ سیاست” خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے، جہاں وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے سموسے غائب ہونے پر سی آئی ڈی تحقیقات کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ کانگریس کے وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے شملہ میں سی آئی ڈی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کی میزبانی کے لیے سموسے منگوائے گئے تھے، مگر غلطی سے یہ سموسے ان کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو پیش کر دیے گئے۔ جیسے ہی یہ بات سامنے آئی، سی آئی ڈی کے سینئر افسر نے پروٹوکول کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تحقیقات کی ہدایت کی۔

یہ معاملہ اس وقت زیادہ طول پکڑ گیا جب سی آئی ڈی کی جانب سے سموسے کی تحقیقات شروع ہونے کی خبر منظر عام پر آئی۔ اپوزیشن میں موجود بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس معاملے کو سیاسی مسئلہ بنا لیا اور احتجاجی مظاہرے کیے۔ کئی بی جے پی رہنماؤں نے طنزیہ طور پر وزیراعلیٰ کو سموسے بھیجنے کی پیشکش کی۔

وزیراعلیٰ سکھو نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے پر اپوزیشن اور میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور وضاحت کی کہ اصل میں یہ انکوائری پولیس اہلکاروں کے رویے سے متعلق ہے، نہ کہ سموسوں کے متعلق۔ سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر رانجھن اوجھا نے کہا کہ انکوائری کا مقصد حقیقت جاننا اور معلومات کے لیک ہونے کی وجہ تلاش کرنا ہے، نہ کہ کسی اہلکار کے خلاف کارروائی کرنا۔

Comments are closed.