لاہور:آج دبئی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فئنل کھیلا جارہا ہے ، آج فائنل میں کامیابی کےلیے پاکستانیوں کی طرف سے دعاوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ایشیا کپ کا فائنل میچ آج بروز اتوار 11 ستمبر کو پاکستا ن اور سری لنکا کے درمیان شام کے وقت کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ فائنل کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا ایک دوسرے کو ہرانے کیلئے پرعزم ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل آج شام سات بجے شروع ہوگا۔

قومی ٹیم میں سپر فور مرحلے میں سری لنکا سے شکست کے بعد دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔ حسن علی اور عثمان قادر سری لنکا کیخلاف کارکردگی نہیں دکھا سکے اس لئے ان دونوں کی جگہ شاداب خان اور نسیم شاہ کی واپسی ہوگی۔ جب کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے لیے فخر زمان اور مڈل آرڈر کا تسلسل کے ساتھ رنز نہ کرنا الگ سے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔

فائنل میچ میں سری لنکا کا انحصار وینندو ہسرنگا اور مہیش تھیکشنا کی سپن جوڑی پر ہوگا جنہوں نے گزشتہ میچ میں پاکستان کی اننگز کو 121 رنز تک محدود رکھا۔پاکستانی تماشائیوں کی نظریں محمد رضوان اور محمد نواز پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں آوٹ آف فارم رہنے والے بابر اعظم کوفائنل میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔

ماہرین کے مطابق ایشیا کپ کے فائنل میں ٹاس بھی بہت اہمیت کا حامل ہے یہ بھی کہا جارہا ہے جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ دوسری ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دے گی۔پاکستان نے اب تک ایشیا کپ میں 5 میں سے 2 مرتبہ ٹاس جیتا ہے جب کہ سری لنکا نے 5 میں سے 4 مرتبہ ٹاس جیتا ۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم نے 2000 اور 2012 میں ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، 2012 کے فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ پاکستان کے علاوہ بھارت 7 مرتبہ جب کہ سری لنکا 5 مرتبہ ایشیا کپ جیت چکے ہیں۔

Shares: