باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال ، قومی امور اور کورونا وائرس وبا پر غور کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کا سات نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام میں توسیع کا فیصلہ کرے گی جبکہ ای سی سی اور انرجی پر کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگا۔ قصر ناز کراچی اور چمبہ ہاؤس لاہور کو لیز پر دینے کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
پاکستان میں سیٹلائٹ سروسز کی اجازت سے متعلق وزارت آئی ٹی پالیسی ہدایات کابینہ میں پیش کریگی۔ محکمہ موسمیات کے تمام ملازمین پر لازمی مینٹینس ایکٹ کے نفاذ میں توسیع کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ متروکہ وقف املاک پاکستان کے چیئرمین ادارے کی کارکردگی رپورٹ کابینہ میں پیش کریں گے،کابینہ اجلاس میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ننکانہ صاحب میں زمینوں کی نظر ثانی شدہ ریٹس پر بریفنگ دینگے۔
وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 17 جون کے فیصلوں کی توثیق کرے گی،کابینہ کی توانائی کمیٹی کے 4 جون کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی







