وفاقی کابینہ اجلاس ہو گا آج،بھارت سے کیا درآمد کرنے کی منظوری دی جائے گی؟ اہم خبر

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منگل کو ہو گا ،کابینہ اجلاس میں آئی جی سندھ کی تقرری سمیت ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا ۔

کابینہ اجلاس کا ایجنڈہ جاری کر دیا گیا ہے، اجلاس میں پندرہ نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ آئی جی سندھ کی تقرری اورتبادلے سے متعلق طریقہ کار اور صدر اور وزیراعظم کی تنخواہوں اور مراعات ایکٹ1975میں ترمیم پر غور کرے گی ،کابینہ گندم کی درآمد سے متعلق ای سی سی کے فیصلے کی توثیق کرے گی۔

وفاقی کابینہ بھارت سے کیمیکل پیری کسائلین ایک بار درآمد کرنے کی منظوری دے گی اور ممنوعہ اورغیر ممنوعہ بوراسلحہ لائسنس جاری کرنے کے معاملے پر بھی غور کرے گی۔اوگرا کے وائس چیئرمین کی تقرری ، پی آئی اے بورڈ کیڈائریکٹرزکی نامزدگی اور بچوں کے حقوق سے متعلق قومی کمیشن کے قیام کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں،

کابینہ اجلاس میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیرسے متعلق وزارت ہائوسنگ کے ایم اویو کی منظوری دے جائے گی۔ وفاقی کابینہ کوادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ 8 اور 20 جنوری کے ای سی سی اجلاسوں کے فیصلوں اور آٹھ جنوری کوکابینہ کمیٹی توانائی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی جائے گی.

حکومت نے صدر اور وزیراعظم کا کیمپ آفسز بنانے کا اختیار ختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے، صدر اور وزیراعظم کےاختیار سے متعلق ایکٹ 1975 میں ترمیم لائی جائے گی، ترمیم کا مسودہ تیار ہو چکا ہے،آج وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، کابینہ ڈویژن کی تیار کردہ سمری کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم دفاتر اور رہائش کے علاوہ کوئی کیمپ آفس نہیں بنا سکیں گے .

کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان میڈیا کو بریفنگ دیں گی

واضح رہے کہ کابینہ کا اجلاس ہر منگل کو ہوتا ہے تا ہم گزشتہ منگل کو کابینہ کا اجلاس نہیں ہوا تھا کیونکہ وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لئے گزشتہ منگل کو ڈیووس روانہ ہو گئے تھے.

Shares: