وفاقی کابینہ اجلاس،کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپرد

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ہرصورت ایس او پیزپرعملدرآمدکی ہدایت کرتے ہوئے کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپر د کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، کابینہ اجلاس میں ملکی سلامتی، سیاسی ومعاشی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ وفاقی کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سمیت صورتحال سے آگاہ کیا گیا، وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا۔

اجلاس میں کابینہ ارکان نے کہا کورونا ختم نہیں ہوا ابھی مزید احتیاط کی ضرورت ہے جبکہ وزیراعظم نے کابینہ میں کہا عیدالاضحیٰ پرشہری احتیاط کریں۔ وفاقی کابینہ کومویشی منڈیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، جس پر وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہرصورت ایس او پیز پرعملدرآمد کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں کابینہ نے کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی کے سپرد کر دیا اور کہا کے الیکٹرک معاملے پردو روز بعد وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوگا ،کے الیکٹرک کے معاملات پر وزیراعظم کو بریف کیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ہوٹلز اور مارکیٹس کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا شہر میں 5 ہزار ہوٹلز ہیں، غریب طبقہ متاثر ہورہا ہے، عید قریب ہے ،ایس او پیز کے تحت ہوٹلز کھولے جائیں، وزیراعظم عمران خان نے ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپر د کر دیا۔ اسد عمر این سی او سی اجلاس میں ہوٹلز کھولنے کے حوالہ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے.

Shares: