وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اہم اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جانی تھی، تاہم نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ترمیم سے متعلق اپنی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران بلدیاتی نظام سے متعلق تجاویز کو 27ویں آئینی ترمیم میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کے بیشتر نکات کو مسترد کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی صرف آرٹیکل 243 میں مجوزہ تبدیلی پر غور کے لیے تیار ہے، تاہم صوبائی شیئر سے متعلق شقوں سمیت دیگر نکات کو ناقابلِ قبول قرار دیا گیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، 27ویں آئینی ترمیم پر حکومت اور اتحادیوں کے درمیان اختلافات ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ ترمیم کی منظوری سے قبل مزید مشاورت اور ترامیم متوقع ہیں۔








