اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)احمدپورشرقیہ کے نواحی علاقے مظفر کالونی میں گھریلو جھگڑا لرزہ خیز قتل کا باعث بن گیا، جہاں سفاک شوہر نے اپنی بیوی کو تیز دھار آلے سے ذبح کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ صابرہ بی بی کو اس کے شوہر مقصود نے انتہائی بے دردی سے قتل کیا، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم مقصود حال ہی میں قتل کے ایک مقدمے میں سزا کاٹ کر جیل سے رہا ہوا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ آلہ قتل بھی اس کے قبضے سے برآمد کر لیا گیا۔

مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پس پردہ وجوہات جاننے کے لیے ملزم سے تفتیش جاری ہے، اور تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اہل علاقہ نے اس اندوہناک واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ اس قسم کے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

Shares: