دبئی: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل کل بروز اتوار دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کرکٹ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان حالیہ تناؤ کے باعث اس مرتبہ فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اس کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج (ہفتے کو) فوٹو شوٹ کا کوئی انعقاد نہیں ہو رہا، البتہ اتوار کو میچ سے قبل اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کی ٹیم نے ایونٹ کے دوران پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دونوں میچز میں کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کل ہونے والے فائنل میں بھی ایسا ہی ماحول دیکھنے کو ملے گا۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق یہ صورتحال کھیل کے روایتی کھیل روح کو متاثر کر رہی ہے۔
ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ ٹیم کی تیاریوں اور حکمتِ عملی سے متعلق صحافیوں کو آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں رات 7 بجے سے 10 بجے تک فائنل کے لیے خصوصی پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔
ایشیا کپ فائنل نہ صرف دونوں ممالک کے شائقین کے لیے اعصاب شکن مقابلہ ثابت ہوگا بلکہ یہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعصاب کا بھی سخت امتحان ہوگا۔ شائقین کرکٹ کی نظریں دبئی اسٹیڈیم پر جمی ہوئی ہیں جہاں کل روایتی حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔