ڈیرہ غازیخان: کیسے بنا ایس ایچ او بواٹہ ارب پتی؟کیا آڈٹ ہوپائے گا ؟

ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) کیسے بنا ایس ایچ او بواٹہ ارب پتی؟کیا آڈٹ ہوپائے گا ؟

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی آخری اور بلوچستان بارڈر پر واقع بین الصوبائی چیک پوسٹ بواٹہ میں عرصہ سے تعینات ایس ایچ او اقبال لغاری پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اقبال لغاری اور ان کا عملہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور انہوں نے کرپشن کے ذریعے اربوں روپے کی جائیداد بنا لی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیک پوسٹ پر فرائض انجام دینے والے اہلکار رات کے وقت مشکوک گاڑیوں سے غیر قانونی طور پر سامان اتار کر نامعلوم افراد کو منتقل کرتے ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیاں چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کے کردار اورذمہ داری پر سوالات اٹھاتی ہیں۔

مقامی لوگوں نے بی ایم پی کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چیک پوسٹ پر تعینات "کرپشن کے بے تاج بادشاہ” کہے جانے والے اقبال لغاری کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چند افراد کی وجہ سے پوری فورس کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اقبال لغاری ارب پتی کیسے بنا؟ اس نے مختلف اضلاع میں زمینیں، بنگلے اور جائیدادیں کس طرح حاصل کیں؟ اس کا آڈٹ کرایا جائے اور کرپشن میں ملوث ایس ایچ او اقبال لغاری سمیت دیگر کے خلاف شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا آغاز کیا جائے تاکہ کرپٹ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔

Comments are closed.