بھارتی ایئر لائن انڈیگو کے ایک عملے کے رکن پر پانچ سالہ بچے سے سونے کی چین چرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انڈیگو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں اس واقعے کا علم ہے اور وہ متعلقہ حکام کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
بنگلور میں بچے کی والدہ کی طرف سے درج کرائے گئے مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ایک فلائٹ اٹینڈنٹ نے بچے کو باتھروم کی طرف لے جایا، جس کے بعد بچے کے گلے میں موجود سونے کی چین غائب ہو گئی۔شکایت کنندہ پریانکا مکھرجی نے کہا کہ وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ کیرالہ سے بنگلور انڈیگو کی پرواز 6E 661 پر سفر کر رہی تھیں۔ایف آئی آر میں انڈیگو کی فلائٹ اٹینڈنٹ، عدتی اشونی شرما کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بچے کے گلے سے 20 گرام وزنی سونے کی چین، جس کی مالیت 80,000 روپے تھی، چُرا لی۔پولیس اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔
انڈیگو نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم فلائٹ 6E 661 میں تھرواننتھ پورم سے بنگلور جانے والی پرواز پر ایک عملے کے رکن کے بارے میں ایک گاہک کی طرف سے اُٹھائے گئے معاملے سے آگاہ ہیں۔ ہم ایسے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور تحقیقات میں متعلقہ حکام کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔”