سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ویمن انٹرپینورشپ ڈے 19 نومبر کو منایا جائے گا
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کی ہدایت پر 19 نومبر کو بینک دولت پاکستان کے زیر اہتمام ویمن انٹرپینورشپ ڈے منایا جائے گا۔ اس دن کا مقصد ایسی خواتین کی حوصلہ افزائی اور انہیں اعانت فراہم کرنا ہے جو جدت پسند ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور معاشی نمو میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت داروں کا مقصد یہ ہے کہ مزید خواتین انٹرپرینورشپ سے وابستہ ہوں اور آج کے مسابقتی ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ حالانکہ خواتین کے کلیدی کردار کے باوجود، انہیں قرضوں اور کاروباری مواقع تک رسائی میں شدید مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
بینک دولت پاکستان کی تمام شاخوں کے زیر اہتمام بینکوں اور نان بینک اداروں کے اعلیٰ حکام اور ورکنگ وومن ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں کو معیشت میں خاتون آجرین (entrepreneurs) کے اہم کردار پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔ ان ایوارڈز کا مقصد خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے پورے پاکستان میں آن گراؤنڈ اور ورچوئل دونوں قسم کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ کمرشل بینک خواتین کی سرپرستی میں چلنے والے کاروباری اداروں سے ہم آہنگ مصنوعات کی پیشکش کریں گے۔ ان سرگرمیوں میں ورکشاپس، اسٹیٹ بینک کے ایس ایم ای قرضوں کے متعلق آگاہی مہمات اور مینٹورشپ کے پروگرام شامل ہوں گے، جنہیں ممکنہ کاروباری خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کی قرض لینے کی اہلیت بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔
یہ دن خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک موقع ہوگا، جس سے ملک کی معیشت میں ان کا کردار مزید مستحکم ہوگا۔