کیپ ٹاﺅن: آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

بسمہ معروف 68 اور عائشہ نسیم 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، منیبہ علی 12 اور جویریہ خان صرف 8 رنز بناسکیں۔بھارت نے 150 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکتوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بھارت کی جانب سے یاستیکا بھاٹیا 17، شفالی ورما 33 اور ہرمن پریت 16 رنز بناکر آوٹ ہوئیں۔جمائمہ روڈریگز 53 اور ریچاگوش نے 31 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

اس سے پہلے پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 0-2 سے زیر کرکے 21 ویں ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے یکطرفہ فائنل میں ٹاپ سیڈ پاکستان نے میزبان ٹیم کو بآسانی شکست دے کر ایک مرتبہ پھر ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے دونوں اعزازات اپنے نام کرلیے۔

فائنل کے پہلے میچ میں ایشین جونیئر چیمپئن نورزماں نے اپنے حریف کو 1-3 سے قابو کیا جبکہ دوسرے مقابلے میں محمد حمزہ خان نے مدمقابل کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے ٹھکانے لگا کر پاکستان کو فتح دلوادی۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو0-2 اور بھارت نے جنوبی کوریا کو 1-2 سے مات دی تھی۔

دریں اثناء سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جہانگیر خان، جان شیر خان اور قمر زمان نے بھارت کو شکست دے کر ایشین جونیئر ٹائٹل حاصل کرنے پر پاکستان اسکواش ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

اسکواش کے عظیم کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد اسکواش کے حوالے سے پاکستان کے لیے اچھی خوشخبری سامنے آئی ہے، امید ہے کہ اگر ہمارے نوجوان کھلاڑی اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

Shares: