دلہہ ایک واری فِر لمبر لے گیا۔۔۔!!!
تحریر: شوکت ملک
پاکستان تحریک انصاف کے چکوال سے رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ جو کہ اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے کافی مشہور اور اکثر خبروں میں رہتے ہیں، موصوف کا ضلعی افسران سے اکثر مختلف معاملات پر تنازعہ رہتا ہے، کبھی اے سی سے پھڈا تو کبھی ڈی سی اور ڈی پی او سے ان کو مسئلہ رہتا ہے، گزشتہ روز تلہ گنگ پبلک سیکرٹریٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی عہدے داران کی مشاورتی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے موصوف نے ڈی پی او چکوال کی تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے، جبکہ تبدیل نہ ہونے کی صورت میں ڈی پی او آفس کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دے کر خبروں میں ایک بار پھر دبنگ انٹری دی ہے، رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کا 25 مئی آزادی مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جس طرح ڈی پی او چکوال نے پارٹی بن کر پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران و کارکنان کی گرفتاریاں عمل میں لاکر ظلم و زیادتیوں کی داستان رقم کی ہے اس کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے، ان کا کہنا تھا کہ 19 ستمبر کو ہونے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے چکوال جلسہ سے قبل اگر ڈی پی او چکوال کا تبادلہ نہ کیا گیا تو کارکنان کے ہمراہ ڈی پی او آفس کا گھیراؤ کریں گے، موصوف کا مذکورہ بیان ایک سیاسی لیڈر کی حیثیت سے شاید نامناسب ہوگا لیکن اگر مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تو ان کا مطالبہ جائز لگتا ہے، ڈی پی او چکوال محمد بن اشرف کی کارکردگی کا اگر جائزہ لیا جائے تو موصوف کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، چکوال میں چوری اور ڈکیتی کی ریکارڈ وارداتیں ہوئیں، قتل کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے کو ملا، مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال انتہائی غیر تسلی بخش رہی، ڈی پی او چکوال کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی حلقوں نے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کی مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے ڈی پی او چکوال کے تبادلے کی حمایت کر دی ہے، باوثوق ذرائع کے مطابق ڈی پی او چکوال کے تبادلے کی گونج ایوانِ وزیر اعلیٰ تک پہنچ چکی ہے اگلے چند روز میں ڈی پی او چکوال کا تبادلہ متوقع ہے، تاہم ڈی پی او چکوال کے تبادلے کے صورت میں دلہہ ایک واری فِر لمبر لینے میں کامیاب ہو جائے گا-

Shares: