جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں 195رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 139رنز پر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 37 اور صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز بنائے۔بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 2 اور حسن نواز 3 رنز ہی بناسکے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو کھیلنے کی دعوت دی۔مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے، ریزا ہنڈریکس نے شاندار 40 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی، جارج لنڈے 36 اور ٹونی ڈی زورزی 16 گیندوں پر برق رفتار 33 بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب نے 2 شکار کیے۔
ٹاس کے بعد گفتگو میں سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے، بابر اعظم اور نسیم شاہ کی واپسی سے اسکواڈ مزید مضبوط ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ماضی میں شاندار پرفارمنسز دے کر پاکستان کو کئی فتوحات دلائی ہیں۔سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں اور کچھ کھلاڑی کم بیک کر رہے ہیں۔جنوبی افریقی کپتان ڈیونون فریرا نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دیتے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، صاحب زادہ فرحان، بابر اعظم، عثمان خان، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، اور ابرار احمد
الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےخلاف نااہلی کی درخواست دائر











