لاہور(خالدمحمودخالد) ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (WCL) T20 لیگ کا دوسرا ایڈیشن 18جولائی سے برطانیہ میں شروع ہورہا ہے جس میں مجموعی طور پر 18 میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹرز اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوگا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلہ 20 جولائی کوایجبسٹن میں ہوگا۔ دونوں ملکوں کے لیجنڈ کرکٹرز کھلاڑی حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد پہلی بار ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ میچ میں آمنے سامنے آرہے ہیں۔ اس میں دونوں ممالک کے کئی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں جس میں بھارتی ٹیم کی طرف سے یوراج سنگھ کپتان ہوں گے میچ میں بھارت کی طرف سے ونے کمار، ہربھجن سنگھ، پارتھیو پٹیل، یوسف پٹھان، سریش رائنا، نمن اوجھا، مناف پٹیل، ریتیندر سوڈھی، آر پی سنگھ، اشوک ڈنڈا، عرفان پٹھان، محمد کیف، رابن اتھپا اور پرگیان اوجھا حصہ لیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان ہوں گے جب باقی کھلاڑیوں میں کامران اکمل، سلمان بٹ، شعیب ملک، وہاب ریاض، محمد عامر، عبدالرزاق، یاسر عرفات، مصباح الحق، سہیل تنویر، سعید اجمل، عمران نذیر، عمر گل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔ اس سیزن کا پلیئر پول ماضی کی نسبت کافی بڑا ہے دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ ہسی، کالم فرگوسن، بریٹ لی، بریڈ ہیڈن، جارج بیلی، ناتھن کولٹر نائل، ڈرک نینس، زیویئر ڈوہرٹی، کیمرون وائٹ، ڈین کرسچن، ٹریوس برٹ، بین ہلفن ہاس، بین ڈنک، جیمز فالکنر، شان ٹیٹ۔ برطانیہ کی طرف سے اسٹیو ہارمیسن، کریگ کیسویٹر، مائیکل کاربیری، کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، روی بوپارا، سمیت پٹیل، مونٹی پنیسر، ٹم بریسنن، ڈیرن میڈی، گریم سوان، ایان بیل، جوناتھن ٹراٹ، جیڈ ڈرنباچ، اویس شاہ۔جنوبی افریقہ کی طرف سے ایشویل پرنس، عمران طاہر، جیک روڈولف، اے بی ڈی ویلیئرز، جسٹن اونٹونگ، ورنن فلینڈر، مورنے وین وِک، روئیلوف وین ڈیر مروے، ریان میک لارن، ڈیل اسٹین، الویرو پیٹرسن، وین پارنیل، جوہان بوتھا، ہرشل گبز، مارچنٹ ڈی لینج۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کرس گیل، ڈوین اسمتھ، مارلن سیموئلز، سلیمان بین، جیروم ٹیلر، ڈیون اسمتھ، دنیش رامدین، روی رامپال، ڈیرن سیمی، سیموئل بدری، آندرے فلیچر، فیڈل ایڈورڈز، لینڈل سمنز، ٹینو بیسٹ، ڈوین براوو جیسے نامور کھلاڑی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں
بھارت بمقابلہ پاکستان میچ میں پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی بھی موجود ہوں گے جنہوں نے ماضی قریب میں بھارت کے بارے میں کئی متنازعہ بیانات دیے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ان کھلاڑیوں کا اکٹھا ہونا ایک نیا تنازعہ بھی جنم لے سکتا ہے تاہم ٹورنامنٹ انتظامیہ اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران کسی قسم کی بدمزگی نہ ہو۔