![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2023/06/WhatsApp-Image-2023-06-05-at-8.30.05-AM.jpeg)
آلودگی کے خطرات اجاگر کرنے کے لیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماحولیات کا دن منایا جا رہا ہے ۔ اس سال کا بنیادی موضوع ‘پلاسٹک کی آلودگی کا حل’ ہےوزیراعظم شہبازشریف نے یوم ماحولیات پر آلودگی پر قابو پانے کیلئے عالمی اقدام پر زور دیا ہے ،اس کے علاوہ شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کو پلاسٹک کا استعمال بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دنیا بھر میں عالمی یوم ماحول 5 جون کو منایا جاتا ہے اس دن کو منانے کا فیصلہ 1972 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کیا گیا تھا اور دو سال بعد یعنی سنہ 1974 میں پہلی بار یہ دن عالمی سطح پر منانے کا آغاز ہوا اس پہلے یوم ماحول کو ’صرف ایک ہی کرہ ارض‘ (Only One Earth) کے عنوان سے منایا گیا تھا۔
ماحولیات کا دن منانے کا مقصد ماحول کی بہتری اورآلودگی کے خاتمے سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہےپاکستان کو بھی اس وقت شدید ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور زمین پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔
Only One Earth "صرف ایک زمین” سنہ 1972 میں سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں منعقد ہونے والی انسانی ماحولیات پر اقوام متحدہ کی پہلی کانفرنس کا نعرہ تھا اس کانفرنس نے پائیدار ترقی کو عالمی ایجنڈے پر رکھا اورعالمی یوم ماحولیات کے قیام کا باعث بنا تاہم 50 سال بعد سویڈن 2 سے 3 جون تک اسٹاک ہوم +50 اور 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس صدی میں گلوبل وارمنگ کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے کے لیے، ہمیں 2030 تک سالانہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو نصف کر دینا چاہیےساتھ ہی فضائی آلودگی ایک دہائی کے اندر50 فیصد تک بڑھ جائے گی اورپانی میں بہنے والا پلاسٹک کا فضلہ 2040 تک تقریباً تین گنا بڑھ جائے گا تاہم ہمیں ان اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
عالمی یوم ماحولیات کے موقع پروزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم ہاؤس کوپلاسٹک کا استعمال بند کرنے کی ہدایت دی ہے، وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی سے نمٹنے کیلئے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا اور ساتھ ہی آلودگی پرقابو پانے کیلئے عالمی اقدام پرزوردیا ،وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 70 فیصد پلاسٹک کے فضلے کوغلط طریقے سے ٹھکانے لگایا جاتا ہے وفاقی حکومت ملک میں پلاسٹک کے فضلے کوکم کرنے کیلئے پرعزم ہے
عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر جنگلات نواب زدہ محمد تیمور تالپور کی جانب سے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ماحولیات کے عالمی دن پر، وزارت جنگلات پائیداری کی اہمیت اور ہمارے ماحول کے تحفظ کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہے۔ اس سال کا تھیم، ‘ایکو سسٹم کی بحالی،’ تمام جانداروں کے فائدے کے لیے ہمارے تباہ شدہ ماحولیاتی نظام کو بحال کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ جنگلات کی وزارت اس اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے جو ہمارے ماحولیاتی نظام میں جنگلات ادا کرتے ہیں اور آئندہ نسلوں کے لیے ان کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ہم ہر ایک کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اپنے علاقے میں تباہ شدہ ماحولیاتی نظام کو بحال کرنے، فطرت سے جڑنے اور ماحولیات پر اپنے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ ایک ساتھ مل کر، ہم اپنے اور سیارے کے لیے ایک پائیدار مستقبل بنا سکتے ہیں۔