ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پنجاب میں پھیپھڑوں کے سرطان سے بچاؤ کیلئے اقدامات تیز،ٹی بی کنٹرول پروگرام کی جانب سے عالمی دن پر آگاہی مہم کا آغاز، طلحہ خان شیروانی کا عزم

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پھیپھڑوں کے سرطان (لنگ کینسر) سے بچاؤ اور عوامی آگاہی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ورلڈ لنگ کینسر ڈے 2025 کے موقع پر صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب نے عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے "Stronger Together: United for Lung Cancer Awareness” کے تھیم کے تحت بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ دن ہر سال یکم اگست کو منایا جاتا ہے تاکہ پھیپھڑوں کے سرطان کے خلاف اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر ٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب کی جانب سے نہ صرف ٹی بی اور لنگ کینسر کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی گئی بلکہ عوامی سطح پر شعور بیداری، جلد تشخیص اور علاج تک بہتر رسائی کو بھی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے مطابق، ٹی بی اور لنگ کینسر دونوں پھیپھڑوں کو متاثر کرنے والی مہلک بیماریاں ہیں۔ ان کی وجوہات میں تمباکو نوشی، فضائی آلودگی اور صنعتی کیمیکل سرِفہرست ہیں۔ پروگرام کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی بی سے متاثرہ افراد میں بعد ازاں لنگ کینسر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، لہٰذا مشترکہ اسکریننگ اور تشخیصی حکمت عملیوں پر زور دیا جا رہا ہے۔

لنگ کینسر کی ابتدائی علامات میں آٹھ ہفتوں سے زائد جاری رہنے والی مسلسل کھانسی، سینے میں درد، خون والی کھانسی، وزن کا اچانک کم ہونا اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان علامات کو عام نزلہ زکام سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ تشخیص کے لیے چھاتی کے ایکسرے، سی ٹی اسکین، پی ای ٹی اسکین اور برونکوسکوپی جیسے جدید طریقۂ کار تجویز کیے جا رہے ہیں، خاص طور پر ان افراد کے لیے جن کی عمر 50 سے 80 سال ہے اور جو تمباکو نوشی کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔

آگاہی مہم کے تحت پنجاب بھر میں ہیلتھ کیمپس، تعلیمی سیمینارز اور معلوماتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق، پروگرام نہ صرف تمباکو نوشی ترک کرنے کی ترغیب دے رہا ہے بلکہ فضائی آلودگی سے بچاؤ اور باقاعدہ طبی معائنے کی اہمیت پر بھی زور دے رہا ہے۔

ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب، طلحہ خان شیروانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پروگرام کا عزم ہے کہ ہر فرد کو مساوی طبی سہولیات میسر ہوں تاکہ پھیپھڑوں کے سرطان کا بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے حکومتی اداروں، نجی شعبے، محققین اور سول سوسائٹی کے تعاون سے اسکریننگ اور علاج کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

Shares: