دنیا بھر میں فیشن کی دنیا کو نئی جہت دینے والے اور اطالوی فیشن انڈسٹری کے سب سے بڑے نام جورجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر نے نہ صرف اٹلی بلکہ عالمی فیشن انڈسٹری کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔جورجیو ارمانی گزشتہ کئی دہائیوں سے عالمی فیشن کے مرکز میں سمجھے جاتے تھے۔ وہ "Armani” برانڈ کے بانی، چیف ایگزیکٹو اور کریئیٹو ڈائریکٹر کے طور پر آخری لمحے تک سرگرم رہے۔ فیشن کی دنیا میں انہیں "مینز ویئر کا بادشاہ” کہا جاتا تھا، جنہوں نے 1970 کی دہائی میں مردوں اور عورتوں کے کپڑوں کو جدت اور شائستگی کے نئے انداز سے روشناس کرایا۔ان کے ڈیزائن کردہ ملبوسات دنیا بھر کی مشہور شخصیات، ہالی ووڈ اداکاروں، اسپورٹس اسٹارز اور عالمی رہنماؤں کی اولین ترجیح رہے۔ ریڈ کارپٹ ایونٹس پر ارمانی کے لباس ہمیشہ منفرد پہچان رکھتے تھے۔
ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ارمانی نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ وہ ہر معاملے پر مکمل کنٹرول رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا:”میں ہر چیز پر نظر رکھتا ہوں، یہ شاید میری کمزوری ہے لیکن اسی نے مجھے کامیاب بھی بنایا ہے۔”
ارمانی کے انتقال پر فیشن ہاؤسز، ڈیزائنرز اور دنیا بھر کے مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جورجیو ارمانی کی یادیں اور ان کا تخلیقی ورثہ ہمیشہ فیشن انڈسٹری اور دنیا بھر کے اسٹائل کے دلدادہ افراد کے دلوں میں زندہ رہے گا۔







