آج دنیا بھر میں ٹوائلٹ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد صحت و صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دنیا بھر میں بہتر سینیٹری سہولیات کی فراہمی پر زور دینا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق، دنیا میں اب بھی کروڑوں افراد بنیادی ٹوائلٹ کی سہولت سے محروم ہیں، جس کے نتیجے میں صحت کے مسائل، بیماریوں کے پھیلاؤ اور بچوں کی اموات میں اضافہ ہوتا ہے۔اس سال عالمی دن کا موضوع "امن کے لئے صفائی” ہے، مختلف ممالک میں آج کے دن آگاہی مہمات، سیمینارز اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو صفائی ستھرائی کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتوں اور عالمی اداروں کو اس معاملے پر مزید سرمایہ کاری کرنی چاہیے تاکہ صفائی کی بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور عوام کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔یہ دن منانے کا مقصد صفائی کے عالمی بحران سے نمٹنا اور پائیدار ترقی کے ہدف کو حاصل کرنا ہے جس میں دوہزارتیس تک سب کے لئے صفائی کا وعدہ کیا گیا ہے۔
ٹوائلٹ کے عالمی دن کے موقع پر ایک رپورٹ کے مطابق بھارت، جو دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے، کئی سماجی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل سے دوچار ہے۔ ان میں سے ایک اہم مسئلہ ٹوائلٹ کی کمی ہے، جو نہ صرف صحت عامہ بلکہ سماجی وقار اور خواتین کی حفاظت کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔بھارت میں ٹوائلٹ کی کمی کا مسئلہ دیہی علاقوں میں زیادہ نمایاں ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، تقریباً 15 کروڑ سے زیادہ لوگ اب بھی کھلے میں رفع حاجت کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ مسئلہ غربت، تعلیمی کمی، اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مزید بڑھ گیا ہے۔بھارت میں ٹوائلٹ کی کمی خواتین کے لیے خاص طور پر پریشان کن ہے۔ انہیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے علی الصبح یا رات کے اندھیرے میں گھر سے باہر جانا پڑتا ہے، جس سے ان کی حفاظت کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ٹوائلٹ کی کمی لڑکیوں کی تعلیم پر بھی اثر انداز ہوتی ہے، کیونکہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث لڑکیاں تعلیم ادھوری چھوڑ دیتی ہیں۔کھلے میں رفع حاجت کی وجہ سے پینے کے پانی کے ذرائع آلودہ ہو جاتے ہیں، جس سے ڈائریا، ہیضہ، اور دیگر پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ یہ صورتحال خاص طور پر بچوں کے لیے مہلک ثابت ہوتی ہے، کیونکہ بھارت میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات کی ایک بڑی وجہ اسہال ہے۔ٹوائلٹ کی کمی جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے نہ صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے بلکہ عوامی شعور بیدار کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ لوگوں کو صفائی کے اصولوں اور ٹوائلٹ استعمال کرنے کے فوائد کے بارے میں آگاہ کرنا حکومت اور سماجی تنظیموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔








