شان پاکستان
تحریر: زرین زاہد (نارووال)
جنت سے کہیں بڑھ کر حسیں میرا وطن ہے
ہمسر ہے فلک کی جو زمیں میرا وطن ہے
پاکستان کے لفظی معنی:
پاک کے معنی خالص اور صاف کے ہیں ؛ جبکہ ستان کا مطلب زمین یا وطن ہے ۔ لفظ پاکستان کا لفظی مطلب "پاک لوگوں کی سر زمین” ہے ۔
شان پاکستان:
شان پاکستان سے مراد پاکستان کا وقار ، جلال ، عظمت یا خوبصورتی ہے ۔ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور یہ ایک منفرد شناخت اور تاریخ رکھتا ہے ۔ پاکستان نہ صرف اسلامی نظریے پر قائم ہوا ؛ بلکہ قدرتی وسائل، دلکش قدرتی مناظر، بہادر قوم، اور مضبوط افواج جیسی نعمتوں سے مالا مال ہے۔ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا، خود مختار معیشت کی جانب بڑھتے قدم، باصلاحیت نوجوان، اور دین سے وابستگی یہ سب کچھ پاکستان کی شان اور فخر کی علامتیں ہیں۔ ہماری تہذیب، ثقافت، ادب، اور مہمان نوازی بھی پاکستان کی شناخت اور عظمت کا حصہ ہیں۔
قیام پاکستان:
ہمارا ملک پاکستان 27 رمضان المبارک 14 اگست 1947 عیسوی کو دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا ۔ علامہ اقبال نے پاکستان کا تصور پیش کیا ؛ جسے قائد اعظم نے عملی صورت دی ۔ پاکستان کے قیام میں محترمہ فاطمہ جناح ، سرسید احمد خان ، مولانا حالی ، مولانا شبلی ، مولانا محمد علی جوہر ، مولانا شوکت علی ، مولانا ظفر علی خان سر فہرست ہیں ۔ علامہ اقبال نے اپنی ولالہ انگیز شاعری کے ذریعے قوم کو خواب غفلت سے بیدار کیا ۔ پاکستان صرف زمین کا ٹکڑا نہیں ؛ بلکہ کڑوروں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے ۔ یہ وطن پاکستان ہماری آن ،بان اور شان ہے ۔ یہاں کی فضا ،پہاڑ ، ندیاں ، دریا ، میدان اور ہر ذرے میں محبت اور قربانی کی خوشبو ہے ۔
اسلامی نظریہ:
پاکستان کا مطلب لا الہ الااللہ یعنی ایک ایسی ریاست ہے ؛ جہاں مسلمان اپنی زندگی قرآن و سنت کے مطابق گزار سکیں ۔ یہی نظریہ پاکستان کی بنیاد ہے ۔پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور اسلام ہمارا مکمل ضابطہ حیات ہے ۔
قدرتی خوبصورتی:
پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے ۔ یہاں کے شمالی علاقے ، کشمیر ، سوات ،گلگت ، ہنزہ اور چترال کی پہاڑیاں دنیا بھر میں مشہور ہیں ۔ یہاں چار موسم ہیں ۔ کھیتوں کی ہریالی ، دریاؤں کی روانی اور پہاڑوں کی شان و شوکت اسے مزید خوبصورت بناتی ہے ۔
ثقافت اور روایات:
پاکستان کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ہے ۔ ہر صوبہ پنجاب ، سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ اپنی الگ الگ پہچان اور خوبصورتی رکھتا ہے ۔ پاکستانی مہمان نواز ،محبت کرنے والے اور جفاکش لوگ ہیں ۔
افواجِ پاکستان:
پاکستان کی افواج ہمارے ملک کا فخر اور شان ہے ۔ یہ بہادر سپاہی دن رات وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ پاک فوج نے نہ صرف دشمن کے حملوں کا دلیری سے مقابلہ کیا ؛ بلکہ ہر مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ؛ پھر چاہے زلزلہ ہو ، سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت ہو ۔ پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی افواج جدید ترین ہتھیاروں ، جذبہ شہادت اور بے مثال تربیت سے لیس ہے ۔ ان کی کی بدولت ہم سکون اور آزادی کی زندگی گزار رہیں ہیں ۔ پاکستان فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے ۔ ہماری افواج نے ہر مشکل میں ملک کا دفاع کیا جس میں 1965 اور 1971 کی جنگ شامل ہے ہو ۔
تاریخ:
پاکستان کی تاریخ تہذیبوں اور سلطنتوں سے بھری پڑی ہے ۔ جن میں موہنجوڈارو اور ٹیکسلا کی قدیم تہذیبں شامل ہیں ۔ برصغیر کی تقسیم کے بعد پاکستان ایک علیحدہ مملکت کے طور پر ابھرا ۔
پاکستانی قوم کا اتحاد و یگانگت:
پاکستان کی اصل شان اس کے عوام کا اتحاد اور باہمی یگانگت ہے۔ جب بھی وطن پر کوئی مشکل گھڑی آئی ہے ؛ پاکستانی قوم رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر ہو کر ایک جھنڈے تلے جمع ہو جاتی ہے۔ 1965 کی جنگ میں قوم نے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کیا، جبکہ زلزلہ 2005 اور سیلاب 2010 میں پاکستانی عوام نے ایک دوسرے کی مدد کے لیے دل کھول کر تعاون کیا۔
یہی اتحاد نہ صرف اپنے ملک کے اندر نظر آتا ہے ؛ بلکہ بیرونی دنیا میں بھی جھلکتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ مصائب زدہ مسلمان ممالک کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ فلسطین، بوسنیا، افغانستان، شام اور دیگر خطوں میں مظلوم مسلمانوں کے لیے پاکستان نے مالی امداد، طبی سہولتیں اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون فراہم کیا۔ یہ سب اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی قوم نہ صرف اپنے لیے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک مہربان دل رکھتی ہے۔
پاکستان کے قدرتی وسائل:
پاکستان قدرت کی بے شمار نعمتوں سے مالا مال ہے۔ یہاں زمین کے نیچے اور اوپر دونوں سطحوں پر ایسے خزانے موجود ہیں ؛ جو کسی بھی اور ملک کی ترقی اور خود کفالت کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ صوبہ بلوچستان معدنی دولت میں سب سے آگے ہے ۔ یہاں پر سونا، تانبہ، کرومائیٹ، لوہا اور قیمتی پتھروں کے بڑے بڑے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ پنجاب میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی نمک کی کان کھیوڑہ واقع ہے ؛ جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی ضروریات پوری کرتی ہے۔ سندھ میں تیل اور قدرتی گیس کے وسیع ذخائر ہیں ؛ جو صنعت اور گھریلو ضرورت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
دریائے سندھ، جہلم اور چناب جیسے بڑے دریا نہ صرف زراعت کے لیے پانی فراہم کرتے ہیں ؛ بلکہ پن بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان ایک خوش نصیب ملک ہے۔ یہاں کی زرخیز زمین گندم، چاول، کپاس، گنا، کینو اور آم جیسی فصلیں پیدا کرتی ہے ؛ جو دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ مچھلی، جنگلات اور لائیو اسٹاک بھی ہمارے قدرتی وسائل میں شامل ہیں۔
پاکستان کی سائنسی و تعلیمی کامیابیاں:
پاکستان نے سائنسی اور تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کارنامے انجام دیے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالسلام نے طبیعیات میں نوبل انعام حاصل کیا ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا اور یہ ہماری خودمختاری کی ضمانت ہے۔ سپارکو کے ذریعے پاکستان نے خلائی تحقیق میں قدم رکھا اور مواصلاتی سیٹلائٹ خلا میں بھیجے۔ تعلیمی ادارے بھی ہزاروں ذہین طلبہ کو تیار کر رہے ہیں۔
پاکستان ہماری پہچان، ہمارا فخر ہے ۔
اس کی حفاظت اور ترقی کے لیے ہم سب کا اتحاد اور قربانی ہی اس کی اصل شان ہے۔








