میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)یارولنڈ میں رشتہ داری کے تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے دوران نوجوان جنید احمد گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان کئی روز سے تکرار اور تلخ کلامی جاری تھی، جو اچانک مسلح جھگڑے میں بدل گئی۔ فائرنگ کی آوازوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محدود ہو گئے۔

واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین شدید غم و غصے میں یارولنڈ تھانے کے سامنے جمع ہوگئے، جہاں انہوں نے نوجوان کی لاش سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا۔ ورثاء نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، شفاف تحقیقات کی جائیں اور مقتول کو انصاف فراہم کیا جائے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بظاہر واقعہ رشتہ داری کے فیصلے پر پیدا ہونے والے تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

Shares: