لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے چار مقدمات میں یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
باغی ٹی وی: انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی،سماعت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر پیش کیا گیا دوران سماعت پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمات کا چالان تکمیل کے مرحلے میں ہے، لہٰذا مہلت دی جائے۔
پولیس نے عدالت میں بیان میں کہا کہ یاسمین راشد پر ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن آفس پر حملہ، عسکری ٹاور پر حملہ، جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے جب کہ گلبرگ، شادمان اور تھانہ ماڈل ٹاون میں مقدمات درج ہیں بعدازاں اے ٹی سی نے یاسمین راشد کی جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 24 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا-
اگرایس ایچ اوکی شان میں گستاخی نہ ہوتواسےعدالت میں طلب کرکے وضاحت طلب کریں،وکیل شیخ …
واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 جولائی تک توسیع کی تھی،یاد رہے کہ نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر ملک گیر پُرتشدد احتجاج کیا گیا جس میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شرپسندوں نے فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور کارکنان گرفتار ہیں اور انھیں متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔