بہاولپور (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تحصیل یزمان کے نواحی گاؤں 47/ڈی بی چک کُد والا میں افسوسناک واقعہ، 12 سالہ بچی رمشہ کرنٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی گھر میں ٹی وی کا سوئچ لگانے کی کوشش کر رہی تھی کہ اچانک زور دار کرنٹ لگنے سے زمین پر گر گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب رمشہ تنہا کمرے میں سوئچ بورڈ کے قریب کھڑی تھی۔ کرنٹ لگنے کے فوراً بعد ایک مقامی فرد، جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہے، نے فوری طور پر سی پی آر (Cardiopulmonary Resuscitation) دے کر بچی کی جان بچانے کی کوشش کی۔ اسی دوران ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی، جو کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچی کو فوری طبی امداد کے ساتھ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال یزمان منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جب بچی کو اٹھایا گیا تو اس کے وائیٹل سائنز موجود نہیں تھے، تاہم راستے میں بھی سی پی آر جاری رکھی گئی۔
اس دلخراش واقعے کے بعد گاؤں کی فضا سوگوار ہو گئی۔ بچی کی ناگہانی موت پر اہلِ خانہ اور اہلِ علاقہ شدت غم سے نڈھال ہیں اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ معصوم رمشہ کی رحلت نے پورے علاقے کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جب کہ مقامی افراد نے حادثے کی وجہ ممکنہ ناقص وائرنگ یا بجلی کے انتظامات میں کوتاہی کو قرار دیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو بجلی کی تنصیبات کی فوری جانچ اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے سانحات سے بچا جا سکے۔