ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد ینگ ڈاکٹرز کی دھماکہ خیز پریس کانفرنس نہ ہوسکی

تفصیل کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ضلع ننکانہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جانا تھا، جس میں ڈاکٹرز کے عہدیداران اہم معلومات صحافیوں کے ساتھ شیئر کرنے والے تھے۔ تاہم پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے ملاقات کی، جس کے بعد میڈیا سیکرٹری ڈاکٹر ارتضیٰ چوہدری کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ پریس کانفرنس فی الحال ملتوی کی جا رہی ہے اور جلد ہی نئے وقت اور تاریخ کی اطلاع دی جائے گی۔

دوسری جانب ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ دوران ڈیوٹی پریس کانفرنس کا انعقاد سمجھ سے باہر ہے، کیونکہ ڈیوٹی ٹائم کے بعد بھی اس کا اہتمام کیا جا سکتا تھا۔ اس صورتحال کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بہت سے مریض بغیر چیک اپ کے واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔

ینگ ڈاکٹرز کی اس پریس کانفرنس کی ملتوی ہونے کی خبر نے ہسپتال کے اندر مریضوں کی خدمات کی عدم دستیابی کے مسائل کو بھی اجاگر کیا جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

Shares: