بالی وڈ کے مشہور ریپر اور سنگر یو یو ہنی سنگھ نے حالیہ دنوں میں ایک کانسرٹ کے دوران شراب چھوڑ دینے کا اہم اعلان کیا ہے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہنی سنگھ نے لکھنؤ میں منعقد ہونے والے اپنے کانسرٹ میں اعتراف کیا کہ وہ چند سال قبل صحت کے حوالے سے ایک مشکل دور سے گزرے، جس نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کو بھی متاثر کیا۔یو یو ہنی سنگھ نے اپنی زندگی کے اس تاریک دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عیاشی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، اور شراب بھی دل کھول کر پی تھی۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اب انہوں نے اپنی زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے شراب کو چھوڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "میرے دوستوں، بہنوں اور بھائیوں، میں نے دارو چھوڑ دی ہے، اور اب میں صرف پانی پی رہا ہوں۔”

اس دوران ہنی سنگھ نے اپنے ناقدین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ "آج کل بہت سارے لوگ یوٹیوب پر پوڈ کاسٹ کرتے ہیں اور میرے بارے میں غلط باتیں کرتے ہیں، لیکن میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم یہاں تب سے ہیں جب یوٹیوب بھی نہیں تھا۔” انہوں نے مزید کہا کہ "یہ بال ایسے ہی تھوڑی سفید ہوئے ہیں”۔

یو یو ہنی سنگھ کی یہ باتیں نہ صرف ان کے ذاتی تجربات کی عکاسی کرتی ہیں بلکہ ان کی زندگی میں ہونے والی مثبت تبدیلی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ اس بیان کے بعد ان کے مداحوں نے ان کی اس نئی زندگی کو سراہا ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ یو یو ہنی سنگھ اپنے وقت کے سب سے کامیاب اور معروف گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے گانے بالی وڈ فلموں میں ہمیشہ مقبول رہے ہیں۔

Shares: