آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں منعقدہ یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو اتحاد و یکجہتی کے پیغام کے ساتھ مستقبل کی جانب گامزن ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ "عزم استحکام” کسی نئے آپریشن کا نام نہیں بلکہ نیشنل ایکشن پلان کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد ملک میں امن و امان کی بحالی ہے، اور اس دوران کسی بھی شہری کو بے گھر نہیں کیا جائے گا۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، عسکری حکام، شہدا کے لواحقین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ میزبانی کے فرائض لیفٹیننٹ کرنل عمیر بنگش اور کیپٹن عائشہ شوکت خان نے انجام دیے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو جی ایچ کیو آمد پر سلامی پیش کی گئی اور آرمی چیف نے اُن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران "شہید کی ڈائری” کے عنوان سے ایک خصوصی ویڈیو بھی چلائی گئی جس میں شہدا کے آخری لمحات اور خطوط کو دکھایا گیا، جس نے حاضرین کے دلوں کو گہرائی سے متاثر کیا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور دشمن کے کسی بھی مذموم ارادے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین ہمارے قومی تشخص کا لازمی حصہ ہے اور قوم کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ "معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بُردباری کا مظاہرہ کریں” اور آئینِ پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
جنرل سید عاصم منیر نے پاکستانی قوم کی بہادری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس ناسور کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اصل اثاثہ نوجوان ہیں، اور ملک کی قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے ہر مذموم مقصد کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب کے اختتام پر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا اور کسی بھی انتشار یا مایوسی پھیلانے والے عناصر کو شکست دی جائے گی۔یہ تقریب پاکستان کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک اہم موقع تھی، جہاں پر قوم کی یکجہتی اور امن کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یومِ دفاع و شہداء کی تقریب: آرمی چیف کا قوم کو اتحاد، عزم اور امن کا پیغام
Shares: