1965 کی جنگ میں 7 ستمبر کو لڑے جانے والے فضائی معرکے کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے،یوم فضائیہ 7 ستمبر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے خصوصی پیغام میں صدر نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا۔

صدر زرداری نے 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس تاریخی معرکے میں شجاعت اور بہادری کی ایسی داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی،پاک فضائیہ نے نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ ہر مشکل وقت میں پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق، ’’بنیان المرصوص‘‘ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے،پاک فضائیہ کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے دنیا کو حیران کیا ہے اور اس کی جدید صلاحیتیں ملکی دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کی فضائی حدود اور قومی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا ہے، جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کوبے مثال کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،آج کا دن پی اے ایف اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کی یادمیں منایاجاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہداء کی لازوال قربانیاں تاریخ میں روشن ہیں،پاک فضائیہ پیشہ ورانہ مہارت میں دنیا کی کسی بھی فضائیہ سے کم نہیں، پاک فضائیہ نے معرکہ حق بنیان المرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کیا،پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتیں پاک فضائیہ کی جدت کا منہ بولتا ثبوت ہے،اس بات پرفخرہے پاک فضائیہ نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، مجھے یقین ہے پاک فضائیہ ملک کی خود مختاری کا ہمیشہ بھرپور تحفظ کرتی رہے گی۔

7 ستمبر 1965 کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات، بہادری کی تاریخ رقم کی۔ پاک فضائیہ کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جس پر قوم فخر کرتی ہےیہ وہ یادگار دن ہے جب پاک فضائیہ کے شیر دل جوانوں کی مہارت اور جانبازی کی بدولت پاکستان نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں کامیابی اپنے نام کی۔

1965 کی جنگ میں ایم ایم عالم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں شجاعت اور بہادری کی ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی،اپنی ہوا بازی کے کارناموں سے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے دشمنوں کو ناکوں چنے چبوا دیے اور دشمن بھارت کے 5 جنگی طیارے ایک منٹ میں زمین پر مار گرائے،ان کا یہ کارنامہ پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے جسے ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔

Shares: