اپوزیشن کا یوم سیاہ ،ملک کے مختلف شہروں میں پنڈال سج گئے، اپوزیشن رہنماؤں کی حکومت کے خلاف تقریریں، کراچی میں شام کو جلسہ ہو گا، مریم نواز کوئٹہ پہنچ گئیں
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعتیں گزشتہ برس ہونے والے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے حوالہ سے یوم سیاہ منا رہی ہے اس ضمن میں پشاور میں احتجاجی جلسہ ہوا جس سے اسفند یار ولی، مولانا فضل الرحمان، و دیگر نے خطاب کیا، پشاور میں جے یو آئی کا دوسرا جلسہ الگ ہو گا جس میں پی پی اور اے این پی نے شرکت سے انکار کر دیا ہے.
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ پر اپوزیشن کے جلسے کا پروگرام ہے، ن لیگ کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف ریلی کی صورت میں مال روڈ پہنچیں گے، ن لیگ نے الزام لگایا ہے کہ لاہور میں ہمارے کارکنان کو پولیس گرفتار کر رہی ہے، جلسے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں ،پولیس نے مال روڈ چیئرنگ کراس کے اطراف میں رکاوٹیں لگادی ہیں۔ ن لیگ کے رانا مشہور، میاں مجتبی، شجاع الرحمن، سید توصیف حیدر اور دیگر رہنما مال روڈ پر موجود ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں نے آج یوم سیاہ کا اعلان کیا ہوا ہے، مال روڈ پر مسلم لیگ ن جلسہ کرے گی جس سے شہباز شریف، قمر زمان کائرہ، ساجد میر و دیگر خطاب کریں گے، حکومت نے مال روڈ پر تاحال جلسہ کی اجازت نہیں دی.
لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر جلسوں پر پابندی لگا رکھی ہے اس حوالہ سے عدالت نے حکومت کو کہا ہے کہ قانون پر عمل کروایا جائے.
کوئٹہ میں بھی اپوزیشن کا جلسہ ہو گا، مریم نواز کوئٹہ پہنچ گئیں، ائیر پورٹ پر محمود خان اچکزئی نے مریم نواز کا استقبال کیا، کوئٹہ میں جلسے سے مریم نواز مولانا عبدالواسع ، محمود خان اچکزئی، میاں افتخار اور ڈاکٹر مالک علی مدد جتک سمیت دیگر سیاسی رہنما خطاب کریں گے۔
پیپلزپارٹی کی میزبانی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کا کراچی میں مزارِ قائد سے متصل باغ جناح میں جلسہ ہوگا جس سے بلاول بھٹو زرداری، ن لیگ کے ایاز صادق اور دیگر رہنما خطاب کریں گے. کراچی میں جلسہ گاہ میں کرسیاں لگا دی گئی ہیں، پی پی کے رہنما سعید غنی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا
رمضان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والی اے پی سی میں 25 جولائی کو یوم سیاہ ،یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا بعد ازاں رہبر کمیٹی نے بھی اس کی توثیق کی تھی، گزشتہ برس ہونے والے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا الزام لگا کر اپوزیشن ایک سال بعد یوم سیاہ منائے گی
یوم سیاہ کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں کے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں بڑے جلسے ہوں گے جبکہ دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی. لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، کراچی میں پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری، پشاور میں مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی، کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز خطاب کریں گی