سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ سمٹ اینڈ ایکسپو 2025” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی یوتھ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف نے 2010 میں متعارف کروائی، جبکہ 10 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں، جس کی بدولت پاکستان انٹرپرینیورشپ کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 1997 میں نواز شریف نے آپٹک فائبر متعارف کروایا، جس کے بعد پاکستان 1998 میں ایشین ٹائیگر بن چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے ریسرچ پر توجہ دینی ہوگی، حکومت یوتھ ڈویلپمنٹ اور تعلیمی اصلاحات کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میرٹ پر وائس چانسلرز تعینات کیے تاکہ طلبہ کی رہنمائی قابل اور اہل ہاتھوں میں ہو۔ ہر یونیورسٹی میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کو فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ 28 فروری کو "ڈیجیٹل حب پورٹل” کا افتتاح ہوگا، جس سے دنیا ایک کلک پر دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم تمام ادارے متحد ہو کر نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، مختلف ماہرین تعلیم، ای بزنس لیڈرز اور موٹیویشنل اسپیکرز نے بھی شرکت کی۔

Shares: