میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی سیاسی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے لاڑکانہ سے اپنا پہلا انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ کسی سیاسی اتحاد یا جماعت کا حصہ بنے بغیر عوامی طاقت سے اقتدار میں آنے کے خواہاں ہیں۔
دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار جونیئر نے کہا "ہمیں امیروں کی طرح سیاست نہیں کرنی چاہیے، ہم شہید مرتضیٰ بھٹو کے نظریے کو نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ سندھ کی زمینوں اور قدرتی وسائل پر جو لوٹ مار اور قبضے ہو رہے ہیں، انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔”انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ کسی روایتی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے، بلکہ عوامی حمایت اور قوت کے ذریعے نظام کو بدلنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا "ہم نئی نسل کو ایک نیا سیاسی وژن دینا چاہتے ہیں۔ ہمیں پرانی اور فرسودہ سیاست سے آگے بڑھنا ہوگا۔”
ذوالفقار جونیئر نے لاڑکانہ سے الیکشن لڑنے کا باقاعدہ اعلان کیا، تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کی کس مخصوص نشست سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
لاڑکانہ بھٹو خاندان کا گڑھ رہا ہے۔یہاں سے ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، اور حالیہ انتخابات 2024 میں بلاول بھٹو زرداری بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔لاڑکانہ میں قومی اسمبلی کی 2 نشستیں،صوبائی اسمبلی کی 4 نشستیں ہیں۔