ظفروال: طلاق کی رنجش پر چار قتل، ملزم نے خودکشی کرلی
ظفروال (باغی ٹی وی رپورٹ) طلاق کی رنجش اور رشتے کی بحالی میں ناکامی سے دل برداشتہ ملزم نے سابقہ بیوی، ساس، سالی اور اس کے 10 سالہ بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے خودکشی کر لی۔
واقعہ ظفروال کے نواحی علاقے خوشحال گڑھ میں پیش آیا، جہاں ملزم اکرم عرف گڈو کو مبینہ طور پر اپنی پسند کی شادی کے خاتمے اور رشتہ داروں پر مقدمات درج کرانے کا شدید رنج تھا۔ دل برداشتہ ہو کر ملزم نے سابق سسرالیوں کے گھر جا کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے اس کی سابقہ بیوی، ساس حاجره بی بی، سالی اور سالی کا بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ سابق سسر اور ہم زلف زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او نارووال نوید ملک کے مطابق ملزم نے واقعے کے بعد خود کو ایک کمرے میں بند کر کے آگ لگا دی اور بلیڈ سے اپنی گردن کاٹ لی۔ ملزم سمیت تمام لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال نارووال منتقل کیا جا رہا تھا کہ ملزم اکرم راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انصاف کی اپیل کی ہے۔