سیالکوٹ, باغی ٹی وی( نامہ نگار مہر مصطفیٰ )ظفروال بلڈ سوسائٹی بلڈ بینک کی سالانہ تقریب اور افطار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے سینکڑوں بلڈ ڈونرز، سیاسی و سماجی شخصیات، وکلاء برادری، ڈاکٹر حضرات، پروفیسرز، علماء اکرام، پرنسپلز، تنظیمی عہدیداران، صحافی برادری، طلباء، نوجوانوں، افسران اور علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
بانی و چیئرمین ظفروال بلڈ سوسائٹی حمزہ چوہان نے رب العالمین کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یہ تقریب منعقد کی گئی، جو ان کے رب کی کرم نوازی ہے۔ انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے اختتام پر، ظفروال بلڈ سوسائٹی کے فعال ڈونرز کو اعزازی شیلڈز دی گئیں اور ان کی خدمت خلق کے جذبے کو سراہا گیا۔ حمزہ چوہان نے کہا کہ ظفروال بلڈ سوسائٹی ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں حاضر رہے گی۔
تقریب کے آخر میں، ظفروال بلڈ سوسائٹی کے تمام ممبران اور ڈونرز نے فلسطین کے مسلمانوں کے لیے دعائے خیر کی کہ اللہ پاک پوری دنیا میں موجود تمام مسلمان بھائیوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ان کی مدد فرمائے۔