باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عدالت پیشی کے لئے اسلام آباد روانہ ہوئے تو لاہور میں انکی رہائشگاہ زمان پارک میں نگران حکومت نے سیکورٹی کے لئے لگائے گئے بیریئر ہٹانا شروع کر دیئے ہیں
عمران خان وزیرآباد حملے کے بعد سے اب تک زمان پارک لاہور اپنی رہائشگاہ پر موجود تھے، عمران خان کی رہائشگاہ کی اطراف سیکورٹی بیریئر لگائے گئے تھے ، تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومت ختم ہوئی تو نگران حکومت کا قیام عمل میں آیا، اس دوران زمان پارک سے ہر تیسرے روز عمران خان کی متوقع گرفتاری کا شوشہ چھوڑا جاتا اور کارکنان کو زمان پارک بلا لیا جاتا ، کارکنان زمان پارک عمران خان کی رہائشگاہ کے اطراف میں جمع رہتے، اب آج عمران خان عدالت میں پیشی کے لئے روانہ ہوئے تو نگران حکومت نے زمان پارک پر لگائے گئے سیکورٹی انتظامات ہٹانے کا عمل شروع کر دیا
چیئرمین تحریک انصاف کے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی پولیس اہلکار زمان پارک پہنچ گئے،عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر لگائے گئے حفاظتی انتظامات ختم کرنا شروع کر دیئے گئے، اس حوالہ سے باغی ٹی وی کو زمان پارک سے ویڈیو بھی موصول ہوئی ہیں،ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ زمان پارک میں رکھے گئے سیکیورٹی بیرئرز ہٹائے جانے کا عمل جاری ہے