صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد پر مبنی شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر زور دیا اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔ انہوں نے خطے کے معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے تہران کی مستقل حمایت اور یکجہتی پر اظہارِ تشکر کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مربوط سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف مسلسل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ صدر پزشکیان کا دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستانی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ اور ایرانی صدر کی ملاقات، فلسطین و کشمیر حمایت پر گفتگو








