گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے سیاسی کردار اور قومی سیاست میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آصف زرداری ایوان صدر میں نہ ہوتے تو یہ سسٹم چھ ماہ بھی نہ چل پاتا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران جس کامیابی کا مظاہرہ کیا، اس کے پیچھے چین کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے اس حمایت کا کریڈٹ آصف زرداری کو دیا اور بتایا کہ زرداری نے اپنے دور صدارت میں چین کے 13 سے 14 دورے کیے، جن کی بدولت دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے نہ صرف بیرونی محاذ پر پاکستان کی سفارتی پوزیشن مستحکم کی بلکہ داخلی سیاسی نظام کو بھی بچایا۔ ان کا کہنا تھا، ’’زرداری اگر ایوان صدر میں نہ بیٹھے ہوتے تو یہ نظام چھ ماہ نہیں چل سکتا تھا۔ انہوں نے مفاہمت کی سیاست کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو جوڑ کر ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا۔‘‘
دوسری جانب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کو ’’مفاہمت کا بادشاہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے ناقدین کو ان پر تنقید سے پہلے مکمل تحقیق کرنی چاہیے، کیونکہ زرداری کا سیاسی تجربہ اور حکمت عملی ملک کو کئی بار بحرانوں سے نکال چکی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ آصف زرداری کی سیاسی بصیرت اور تدبر کا کوئی ثانی نہیں۔ وہ ایسے سیاستدان ہیں جو دشمن کو بھی دوست بنا کر آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔