کولکتہ: بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان مشکل میں آگئیں، کولکتہ کی عدالت نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئیے۔

باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ کی عدالت 2018 کے دھوکہ دہی کیس میں زرین خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے بالی ووڈ اداکارہ پر ایک شو میں پرفارم کرنے کے پیسے لینے کے باوجود پرفارمنس نہ دینے کا الزام ہے، کولکتہ کی عدالت نے زرین خان کو مقدمے کے سلسلے میں متعدد بار طلب کیا تاہم وہ پیش نہ ہوئیں جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔

زرین خان نے گرفتاری کے وارنٹ سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بارے میں کچھ علم نہیں ان کی قانونی ٹیم معاملے کا جائزہ لے گی اور اس کے بعد رد عمل دے گی۔

اداکارہ کے خلاف سال 2018 میں 6 ایونٹس میں شرکت نہ کرنے پر شکایت درج کرائی گئی تھی۔ کولکتہ اور شمالی 24 پرگنہ میں کالی پوجا کے 6 پروگراموں میں شرکت نہ کرنے پر ان کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں یہ شکایت ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے نارکل ڈنگہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ہے۔ جس کے بعد نارکل ڈانگا پولیس نے سیالدہ عدالت میں چارج شیٹ پیش کی معاملہ سامنے آنے کے بعد ہم نے اس معاملے میں زرین خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

زرین خان نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز 2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم ‘ویر’ سے کیا۔ اداکارہ کو اس فلم کے ذریعے کافی شہرت بھی ملی۔ لیکن کچھ عرصے بعد ناظرین نے اداکارہ کے کام کو سراہنے کے بجائے ان کے روپ کا اداکارہ کترینہ کیف سے موازنہ کرنا شروع کردیا۔ جس کے بعد اداکارہ آہستہ آہستہ انڈسٹری سے غائب ہوگئیں۔

اداکارہ نے کچھ عرصہ قبل کترینہ کے مقابلے پر اپنی خاموشی توڑ دی تھی۔ اس پر زرین خان کا کہنا تھا کہ جب میرا موازنہ کترینہ سے کیا جاتا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کیونکہ میں خود ان کی بہت بڑی فین ہوں اور مجھے وہ بہت خوبصورت بھی لگتی ہیں لیکن اس موازنے نے میرے کیرئیر پر برا اثر ڈالا اس موازنے کی وجہ سے انڈسٹری کے لوگوں نے مجھے اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا موقع نہیں دیا-

Shares: