پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر میاں غلام مصطفی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام پر ہونے والا ظلم انسانیت سوز اور عالمی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لیں اور مظلوم فلسطینی عوام کو انصاف فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجن شیڈکے علاقہ میں ہونے والی عظیم الشان یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ملی لیبر فیڈریشن کے چیف کوآرڈینیٹر اسلم خان، ملی ٹرانسپورٹرز و ڈرائیورز فیڈریشن کے صدر سلیم خلجی ، ملی لیبر فیڈریشن لاہور کے سینئر نائب صدر اصغر گجر، ریلوے ورکرز یونین سی بی اے کے قائد رضوان ستی، صدر سید زاہد جاوید شاہ، سیکرٹری جنرل سید زاہد حسین شاہ ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، تاجر برادری، مزدور، سماجی کارکنان اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی سے میاں غلام مصطفی، سلیم خلجی ، اصغر گجر و دیگر نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور یہ رشتہ صرف اسلامی بھائی چارے کا نہیں بلکہ انسانیت کا رشتہ ہے۔ اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری، خواتین و بچوں کے قتل عام اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ مقررین نے بین الاقوامی برادری، او آئی سی، اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو ظلم سے باز رکھنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں۔

Shares: