حافظ آباد رمضان ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہونے لگی،مذہبی جماعتیں سراپا احتجاج،

0
29

حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)رمضان المبارک کے دوران ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی کے باعث جگہ جگہ ہوٹل کھلنے سے رمضان ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہونے لگی جس پر مذہبی جماعتیں سراپا احتجاج بن گئیں۔جمعیت اہل حدیث کے ضلعی امیر چودھری محمد عارف امیر اور فنانس سیکرٹری حاجی عبدالحمید رحمانی نے ضلعی انتظامیہ سے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں مختلف مقامات پر غیر قانونی کھانے پینے کے اسٹالزبے روزہ لوگ اور نشیؤں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں جبکہ ہوٹل مالکان دن کے وقت رمضان المبارک ہونے کے باوجود سارا دن کھانے پینے کی چیزیں سر عام تیار کرتے ہوئے اور فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔رمضان المبارک میں مدہریانوالہ بائی پاس، علی چوک کسوکی بائی پاس، گھوڑا چوک،گوجرانوالہ روڈ سمیت دیگر جگہوں پر نہ صرف سر عام کھانے پینے کی چیزوں کی فروخت جاری ہے بلکہ عام دنوں کی نسبت مہنگے داموں فروخت کرکے خوب جیبیں بھری جا رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت پنجاب روزہ داروں کے ریلیف کے لیے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تو دوسری طرف انتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی کے باعث سارا دن کھانے پینے کی چیزیں فروخت کرکے ہوٹل مالکان لوگوں کی جیبیں خالی کروانے میں مگن ہیں۔اُنہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈی سی حافظ آباد نوید شہزاد مرزاسے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہر حافظ آباد میں رمضان ایکٹ پر عمل کروایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور شہر بھر میں غیر قانونی ہوٹلوں کو فی الفور بند کیا جائے۔

Leave a reply