فیصل آباد میں ہونے والے انڈر 17 کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ میں زیر تربیت کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی

0
213

فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)ڈویژنل کمشنر محمودجاوید بھٹی نے کہا ہے کہ انڈر 17 کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ میںزیر تربیت کھلاڑیوںکی بھرپور سرپرستی کی جائے گی تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھانے کے وسیع مواقع فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بات بوہڑانوالی گراﺅنڈ میںجاری انڈر 17 کرکٹ ٹریننگ کیمپ کے دورہ کے دوران کھلاڑیوںسے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر ‘ اسسٹنٹ کمشنر ( جنرل ) مصور نیازی ‘ کرکٹ کوچر مشتاق انجم ‘ نوید نذیر و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے سمر ٹریننگ کیمپ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی بھر پور شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کے زیراہتمام موسم گرماکی چھٹیوں میں ٹریننگ کیمپ کا خصوصی طور پر انعقاد کرکے ہونہارکھلاڑیوں کو کرکٹ کے کھیل کی جدید مہارت اورفن سے بخوبی آگاہ کیا جارہا ہے اور ان منتخب کھلاڑیوں کو کرکٹ کا تمام تر سامان فراہم کرنے کے علاوہ انہیں مختلف مقابلوں میں شرکت کے لئے تیار کیاجائے گا ۔ انہوں نے کوچز سے کہا کہ وہ سمر ٹریننگ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کو تمام تر تربیتی سہولیات فراہم کرکے ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا کریں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سمر ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کی بدولت نوجوانوں میں کھیلوں میں شرکت کا خاطر خواہ شوق پیدا ہوگا جو کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور کرکٹ کی ترقی میں ممد و معاون ثابت ہو گا ۔ ڈویژنل کمشنرمحمود جاویدبھٹی نے اس موقع پر زیر تربیت کھلاڑیوںکی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا 15/15 اوورز کامیچ بھی دیکھا اورکھلاڑیوں کے فن و صلاحیتوں کی داد دیتے ہوئے ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی ۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کی ہدایات پر انڈر 17 کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ 16 جون سے شروع کیاگیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ٹریننگ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کااوپن ٹرائلز کے ذریعے انتخاب کیاگیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ کیمپ میں 41 کھلاڑیوں کی چار ٹیمیں ترتیب دیکر ان میں میچز کا انعقاد کیا جارہا ہے اوریہ ٹیمیں جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جا کر بھی میچز کھیلیں گی۔

Leave a reply